ٹوئٹر نے 6 ماہ سے غیرفعال اکاونٹس 11 دسمبر تک ڈیلیٹ کرنیکی ڈیڈ لائن دیدی

Last Updated On 27 November,2019 09:28 am

لاہور: (دنیا نیوز) سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر 6 ماہ سے غیر فعال صارفین ہوشیار ہو جائیں، انتظامیہ نے گیارہ دسمبر کی ڈیڈ لائن دے دی۔ لاگ اِن نہ کرنے کی صورت میں اکاؤنٹ ڈیلیٹ کر دیا جائے گا۔

ٹوئٹر انتظامیہ کی غیر فعال صارفین کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کی تیاری، سوشل میڈیا سائٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چھ ماہ سے غیرفعال صارفین کا اکاؤنٹ ڈیلیٹ کر دیا جائے گا۔ انتظامیہ نے یوزرز کو گیارہ دسمبر کی ڈیڈ لائن دے دی۔

کریک ڈاؤن میں انتقال کرنے والے صارفین کے غیر فعال اکاؤنٹ بھی شامل ہونگے، سائٹ کے مطابق کریک ڈاؤن کی وجہ غیرفعال صارفین کے اکاؤنٹس کی پرائیویسی پالیسی اپ ڈیٹ نہ ہونا ہے۔ فرم کے مطابق دوسرے مرحلے میں ایسے لوگ شامل کیے جائیں گے جو لاگ اِن تو ہوتے ہیں لیکن پلیٹ فارم استعمال نہیں کرتے۔ ٹوئٹر کی جانب سے غیرفعال صارفین کو ای میل کے ذریعے وارننگ بھی دی جا رہی ہے۔