لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں چینی ایپ ٹک ٹاک تیزی کے ساتھ اپنی دھاک بیٹھا رہی ہے، اسی ایپ کی امریکا میں مخالفت کی گئی، تاہم اس چینی ایپ کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ ایپ رواں سال پاکستان میں سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کی جانے والی ایپ ہے۔
امریکی انٹیلی جنس سینسر ٹاور کے مطابق چینی سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک 2019ء میں پاکستان میں سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کی جانے والی سوشل میڈیا ایپ بن گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹک ٹاک نے خطرناک چیلنج کاجواب دیدیا
اس وقت بغیر گیم والی ایپ میں واٹس ایپ ایک کروڑ 81 لاکھ ڈاؤن لوڈ کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے لیکن فن ایپ ٹک ٹاک یکم جنوری 2019 سے لے کر 16 نومبر 2019 تک ایک کروڑ 63 لاکھ مرتبہ ڈاؤن لوڈ ہوچکی ہے۔
ڈیٹا کو موبائل انسائٹ اسٹریٹیجسٹ گریگ چیپل نے ترتیب دیا جس کے مطابق ٹک ٹاک کو اب تک ایک ارب 50 کروڑ سے زائد مرتبہ ڈاؤن لوڈ کیا جاچکا ہے اور یہ دنیا کی مقبول ترین ایپ میں سے ایک ایپ بن چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹک ٹاک کا نئی میوزک سٹریمنگ ایپ متعارف کرانے پر غور
رواں سال کے دوران دیگر زیادہ ڈاؤن لوڈ ہونے والی ایپس میں فیس بک میسنجر شامل ہے جسے ایک کروڑ 57 لاکھ مرتبہ ڈاؤن لوڈ کیا گیا ہے جب کہ فیس بک کو ایک کروڑ 50 لاکھ مرتبہ اور انسٹاگرام کو 43 لاکھ مرتبہ ڈاؤن لوڈ کیا گیا ہے۔
لانچ ہونے کے بعد سے لے کر اب تک پاکستان میں ٹک ٹاک کو 2 کروڑ 55 لاکھ مرتبہ ڈاؤن لوڈ کیا جاچکا ہے جب کہ یہ پاکستان میں سب سے تیزی سے پھیلتا سوشل میڈیا پلیٹ فارم بھی ہے۔
واضح رہے کہ معروف ایپلیکیشن ٹک ٹاک کو موبائل فون میں ڈاؤن لوڈ کر کے صارفین اپنے من پسند گانے یا ڈائیلاگ پر پرفارم کرتے ہیں۔