قاتل پلاسٹک نے 5 لاکھ ہرمٹ کیکڑوں کی زندگی ختم کر دی

Last Updated On 11 December,2019 03:19 pm

سڈنی: (روزنامہ دنیا) آسٹریلیا میں دو انتہائی دور افتادہ جزیروں پر پلاسٹک کے جمع ہونے والے پہاڑ سے کم سے کم پانچ لاکھ ہرمٹ کیکڑوں کے مرنے کی تصدیق ہوئی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق تسمانیہ انسٹی ٹیوٹ سے وابستہ جینفر لیورس اور ان کے ساتھیوں نے سب سے پہلے ان جزیروں کو 2017 میں دیکھا تھا اور وہاں کے ساحل پلاسٹک سے اٹے پڑے تھے لیکن اب دوبارہ انہوں نے پلاسٹک کے ڈبوں، بوتلوں اور کچرے کو دیکھا تو اندر جگہ جگہ مردہ کیکڑے پھنسے ہوئے تھے اور مرچکے تھے۔

اندازہ ہے کہ اس کوڑے سے کم سے کم پانچ لاکھ کیکڑے ہلاک ہوئے ہیں جو ایک خاص نسل سے تعلق کی بنا پر ہرمٹ کریب کہلاتے ہیں۔ اس سے قبل کچھوؤں کے نتھنوں میں پلاسٹک نلکیاں اور وہیل کے پیٹ میں پلاسٹک کے تھیلے ملنے کے کئی واقعات سامنے آ چکے ہیں جس سے ان جانوروں کی اموات واقع ہو گئیں۔