گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) قیمت پنجاب ایپ کے ذریعے گوجرانوالہ شہر میں پہلی بارآن لائن گوجرانوالہ مارٹ کے نام سے ہوم ڈیلوری سروس کا آغاز، شہری گھر بیٹھے پھل، سبزیاں، پولٹری مصنوعات اور دیگر اشیائے ضروریہ حکومتی نرخوں پر حاصل کرسکیں گے۔
شہریوں کو مہنگائی کے عذاب سے بچانے کے لیے حکومت پنجاب کے ڈیجیٹل ویژن کے تحت ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نے آن لائن ہوم ڈیلوری سروس شروع کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی جس کی مدد سے صارف ضلعی انتظامیہ کے مقررہ نرخ ناموں پر اشیائے ضروریہ، پھل، سبزیاں اور پولٹری مصنوعات اپنے گھر کی دہلیز پر حاصل کر سکیں گے۔
آن لائن خریداری کی کم از کم حد 5 سو رروپے مقرر کی گئی ہے جس پر صارفین سے کسی قسم کے سروس چارجز لیے بغیر اشیاء گھر کی دہلیزپر فراہم کی جائے گی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کو قیمت کے ساتھ ساتھ معیار بھی بہتر رکھنا ہو گا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس آن لائن سروس کے ذریعے شہریوں کو روزانہ کی بنیاد پرسرکاری نرخ سےبھی آگاہ کیا جائے گا۔