واشنگٹن: (ویب ڈیسک) سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے صارفین کو نئی ٹویٹس کرتے وقت پرانی ٹویٹس کو جوڑنے کی سہولت پر مبنی نیا فیچر فراہم کر دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹوئٹر کے متعارف کردہ نئے فیچر کی مدد سے صارفین اپنی نئی ٹویٹس کو نسبتاً تیزی کے ساتھ باہم ملا سکیں گے۔
فیچر کی وجہ سے صارفین کے لیے اپنی سابقہ ٹویٹس کو نہ صرف تھریڈ کی شکل دینا مزید آسان ہو جائے گا بلکہ اگر وہ کسی خاص موضوع پر شیئر کی گئی معلومات کو اپ ڈیٹ کرنا چاہیں تو بھی ایسا کر سکیں گے۔
Now you can add a Tweet to one you already Tweeted, faster! pic.twitter.com/j3ktAN6t5o
— Twitter (@Twitter) February 19, 2020
سوشل میڈیا ایپلیکیشنز کے اینیلیٹکس سے متعلق اداروں کے مطابق ٹوئٹر کے یومیہ ایکٹو یوزرز کی تعداد 15 کروڑ سے زائد ہے۔ سیاست اور ایکٹوازم کے ساتھ تفریح کا ذریعہ سمجھے جانے والے ٹوئٹر کو اوپینئن لیڈرز کا پلیٹ فارم قرار دیا جاتا ہے۔
سٹیٹسٹا نامی پلیٹ فارم کے مطابق 2019 کی آخری سہ ماہی میں ٹوئٹر کے یومیہ ایکٹو یوزرز کی تعداد 152 ملین تھی جب کہ امریکی سب سے زیادہ ٹوئٹر استعمال کرتے ہیں۔ جاپان، برطانیہ اور سعودی عرب کے صارفین بالترتیب دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر سب سے زیادہ ٹوئٹر استعمال کرتے ہیں۔
گزشتہ برس جولائی میں ٹوئٹر نے اپنا ڈیزائن تبدیل کیا تھا۔ اس دوران ٹوئٹر نے ماضی میں نسبتا کم گنجائش کو بڑھا کر صارفین کو یہ موقع دیا تھا کہ وہ اپنی ڈیوائسز خصوصاً ڈیسک ٹاپ یا لیپ ٹاپ کی پوری سکرینز پر ٹائم لائن کو دیکھ سکیں۔
جنوری میں لاس ویگاس میں ہونے والی ایک تقریب کے دوران ٹوئٹر کے پروڈکٹ مینجمنٹ کی ڈائریکٹر سوزین ژی کا کہنا تھا کہ مائکروبلاگنگ پلیٹ فارم رواں برس خاصی تبدیلیاں کرے گا۔
ٹوئٹر کی کمپوز سکرین پر کسی مخصوص گفتگو کا حصہ بننے والے افراد کے انتخاب کا فیچر بھی ان تبدیلیوں کا حصہ ہے۔ اس فیچر کے تحت ٹویٹ کرنے والے کو اختیار ہو گا کہ وہ اپنی ٹویٹ کو گلوبل، گروپ، پینل اور سٹیٹمنٹ تک محدود کر سکے۔ گلوبل ٹویٹ کی صورت میں کوئی بھی ریپلائی کر سکے گا۔
گروپ سیلیکٹ کیا تو وہی لوگ جواب دے سکیں گے جنہیں ٹویٹ کرنے والے نے فالو یا مینشن کیا ہو۔ پینل منتخب کرنے پر وہی لوگ جواب دے سکیں گے جو ٹویٹ میں مینشن کیے جائیں گے اور سٹیٹمنٹ کا انتخاب کرنے پر ٹویٹ کے جواب میں کوئی ریپلائی نہیں کر سکے گا۔
مائکروبلاگنگ ویب سائٹ کے صارفین کو توقع ہے کہ وہ پلیٹ فارم پر رہتے ہوئے ویڈیو بنانے اور شائع کرنے سمیت بڑے سائز کی تصاویر جیسے فیچرز کی موجودگی میں زیادہ محظوظ ہو سکیں گے۔