اسلام آباد: (ویب ڈیسک) انفارمیشن ٹیکنالوجی کی معروف بین الاقوامی کمپنی گوگل نے پاکستان کے عوام کو مفت تربیت کی فراہمی کے لئے ایک نئی سائٹ لانچ کردی ہے۔
اس سے لوگ آن لائن تربیت سے اپنی مہارتوں اور کاروبار میں بہتری لا سکیں گے۔ گوگل کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تربیتی ویب سائٹ کے ساتھ ایک اور ویب سائٹ بھی لانچ کی گئی ہے جس سے ثقافتی مصنوعات کی تیاری اور جدید ٹیکنالوجی سے گھر بیٹھے بٹھائے تربیت کے حصول کے مواقع دستیاب ہوں گے۔
واضح رہے کہ گوگل نے حال ہی میں دنیا بھر میں چھوٹے کاروبار کی مالیت تک رسائی کے لئے 800 ملین ڈالر کے فنڈ کا بھی اعلان کیا ہے تاکہ دنیا بھر میں چھوٹے کاروبار کرنے والے افراد کورونا وائرس کی وبا کے باعث متاثر ہونے والے کاروباروں کو قرضوں اور گرانٹس کے ذریعے محفوظ بنا سکیں۔
کمپنی نے کہا ہے کہ ہم اپنے پروگرامز کی تربیت سوشل میڈیا کے ساتھ ساتھ نئی شروع کی گئی ایپ کے ذریعے کریں گے تاکہ چھوٹے کاروباری طبقات کی مہارتوں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے مزید بہتر بنایا جا سکے جس سے چھوٹے کاروباروں سے منسلک کارکن دنیا کے کسی بھی حصہ میں بیٹھ کر آمدنی حاصل کر سکیں گے۔