لاہور: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کے بارے میں مصدقہ اور غیر مصدقہ معلومات کی بہتات سے نفسیاتی مسائل بھی پیدا ہونے لگے، ماہرین نفسیات نے لوگوں کی اُلجھنوں کو حل کرنے کے لیے کونسلنگ کے عمل کو ضروری قرار دے دیا۔
کورونا وائرس نے ہر طرف اپنے پنجے کیا پھیلائے ہیں کہ سبھی اِس کے خوف کے باعث پریشانی محسوس کررہے ہیں تو متعدد مسائل کا بھی شکار ہیں۔ ایسے میں مصدقہ اور غیرمصدقہ معلومات کے سیلاب، گھروں میں بندش اور ہر طرف ویرانی جیسی صورت حال نے دیگر مشکلات کے علاوہ لوگوں کے لیے نفسیاتی مسائل بھی پیدا کرنا شروع کر دئیے ہیں۔
اِس تناظر میں ایسی تجاویز بھی سامنے آ رہی ہیں کہ جیسے ٹیلیفون کے ذریعے دیگر میڈیکل سروسز فراہم کی جا رہی ہیں، ویسے ہی ٹیلی کلینک یا ٹیلی سائیکاٹری سروس کے بھی اچھے نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔ اِس کے ساتھ ساتھ لوگوں کو خود بھی نفسیاتی لحاظ سے اپنے اعصاب کو مضبوط بنانے کی ہدایت کی جارہی ہے۔
یاد رکھیے کہ حصول معلومات کے لیے صرف مصدقہ ذرائع پر انحصاربھی ہمیں بہت سی نفسیاتی اُلجھنوں سے بچا سکتا ہے۔