کینبرا: (دنیا نیوز) آسٹریلیا میں کورونا وائرس کے مریضوں کا کھوج لگانے والی موبائل ایپ لانچ ہوتے ہی چند ہی گھنٹوں میں لاکھوں شہریوں نے اسے ڈاؤن لوڈ کر لیا ہے۔
کووڈ سیف نامی اس سمارٹ فون ایپ کی خاص بات یہ ہے کہ اگر کسی صارف کا کورونا وائرس میں مبتلا شخص سے رابطہ ہو تو اسے آگاہ کر دے گی۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق اس وقت آسٹریلیا میں ہزاروں افراد کورونا وبا میں مبتلا ہیں اور تقریباً 80 افراد اس موذی مرض کے ہاتھوں موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔
آسٹریلیا میں حالیہ دنوں کے دوران کورونا وائرس کے کیسز میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ اتوار کے روز پورے ملک میں صرف 16 کیس رپورٹ ہوئے۔
آسٹریلوی وزیراعظم سکاٹ موریسن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر شہریوں کی بڑی تعداد کورونا وائرس کے مریضوں کی کھوج لگانے کیلئے بنائی گئی اس ایپ کو استعمال کرتے ہیں تو ان پر عائد کی گئیں سماجی پابندیوں میں نرمی کی جا سکتی ہے۔
اس ایپ کے ذریعے شہریوں سے ان کی عمر، موبائل نمبر، پوسٹ کوڈ اور نام پوچھا جاتا ہے۔ صارفین کی تمام معلومات اس ایپ میں 21 دن تک موجود رہ سکتی ہیں یا صرف خود ہی اسے اپنے فون سے ڈیلیٹ کر سکتا ہے۔