ایپل کمپنی کا کورونا وائرس کے باعث بند متعدد سٹور دوبارہ کھولنے کا ارادہ

Last Updated On 28 April,2020 11:38 pm

کیلفورنیا: (ویب ڈیسک) امریکا کی ملٹی نیشنل ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے کورونا وائرس کی وبائی صورتحال کے باعث بند اپنے کئی سٹورز کو دوبارہ کھولنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس خواہش کا اظہار ایپل کے نائب صدر نے کمپنی ملازمین کیلئے جاری اپنے ایک ویڈیو بیان میں کیا ہے۔ ڈییڈرا اوبرائن نے کہا کہ وبا پھیلنے کی وجہ سے کمپنی نے چین سے باہر اپنے متعدد سٹورز کو صارفین کیلئے بند کر دیا تھا، تاہم اب ہو سکتا ہے کہ انھیں رواں ماہ مئی میں ہی آہستہ آہستہ دوبارہ کھول دیا جائے۔

گزشتہ ماہ بھی میڈیا میں ایسی خبریں زیر گردش تھیں جن میں کہا گیا تھا کہ ایپل کمپنی اپریل کے شروع یا وسط تک اپنے سٹورز کو دوبارہ کھولنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

خیال رہے کہ ایپل نے دنیا بھر میں کورونا وائرس پھیلنے کی وجہ سے مارچ میں ہی اپنے سٹوروں کو بند کرتے ہوئے اپنے تمام ملازمین کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایات جاری کر دی تھیں۔