لاہور: (ویب ڈیسک) کورونا وائرس پھیلنے کے بعد دنیا بھر میں بیشتر ممالک نے فضائی سفر پر بھی پابندی لگا دی، بیرون ممالک موجود باشندوں کو واپس لانے کیلئے فضائی کمپنیوں نے پروازیں چلائیں جن میں سماجی دوری پیدا کرنے کیلئے متعدد اقدامات کئے گئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بعض فضائی کمپنیاں اپنی حکومتوں کی تجویز کردہ احتیاطی تدابیر اپنا کر سروس بحال کرنے کی تگ و دو میں مصروف ہیں جن میں جہازوں کی درمیانی نشستیں ہٹا کر خلا پیدا کیا جائے گا تا کہ مسافر کورونا سے محفوظ رہ سکیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ طیاروں کا اندرونی ڈیزائن تیار کرنے والی کمپنی نے نیا سیٹنگ پلان دیا ہے جس کے تحت مسافروں کے درمیان ضروری فاصلہ برقرار رکھا جائے گا۔ اس ڈیزائن میں ‘جانوس’ نشستیں استعمال کی گئی ہیں جو صفائی میں آسان اور مسافروں کو کورونا سے محفوظ رکھنے میں معاون ثابت ہوں گی۔ دوسری جانب جہازوں میں 3 نشستیں متصل ہوتی ہیں ان کے درمیان والی نشست نکال دی جائے گی۔