کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) امریکا کی ملٹی نیشنل ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے موبائل آئی فون میں موجود عیب نے لاکھوں صارفین کو ہیکرز کے ہاتھوں غیر محفوظ بنا دیا ہے۔
موبائل سیکیورٹی فرم زیک اوپس کی جانب سے کی گئی حالیہ ریسرچ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ آئی فون کی ای میل ایپ میں موجود کمزوری حساس نوعیت کی ہے جس سے ہیکرز کے حملوں کا خطرہ موجود ہے۔
ریسرچ رپورٹ سامنے آنے کے بعد اپیل کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم اس کا بغور جائزہ لے رہے ہیں، امید ہے کہ نئے آنے والے سافٹ وئیر میں اس عیب کو دور کر لیا جائے گا۔
ایپل ترجمان نے کہا کہ ریسرچرز کی جانب سے آئی فونز میں موجود کمزوری کی نشاندہی سے صارفین کو فوری کوئی خطرہ درپیش نہیں ہے۔ ریسرچرز نے ای میل میں موجود تین ایشوز کو اجاگر کیا لیکن جب تک آئی فون اور آئی پیڈ کی سیکیورٹی کو بائی پاس نہ کیا جائے یہ غیر موثر ہیں تاہم ہمارے پاس ایسے شواہد موجود ہیں کہ انھیں صارفین کیخلاف استعمال میں لایا گیا ہے۔
خیال رہے کہ موبائل سیکیورٹی فرم زیک اوپس نے آئی فون میں موجود ان خرابیوں کو گزشتہ ماہ مارچ میں رپورٹ کیا تھا۔ تاہم ٹیکنالوجی کی دنیا کے بڑے نام ایپل کو اس کا پتا نہیں تھا۔
ایپل نے آئی فون کی خرابیوں کو تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان ایشوز کو جلد ہی حل کر لیا جائے گا، کمپنی اپنے صارفین کی حفاظت کیلئے ریسرچرز کے ساتھ اپنے اشتراک کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔