واٹس ایپ پر بیک وقت 8 افراد کی ویڈیو کالنگ کی سہولت

Last Updated On 22 April,2020 03:53 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) واٹس ایپ نے دلچسپ فیچر متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے جس کو استعمال کر کے اب 8 افراد بیک وقت ویڈیو کالنگ کے ذریعے بات چیت کر سکیں گے۔

دنیا بھر میں اس وقت کورونا وبا کے سبب لوگوں کا آپس میں ملنا جلنا تقریبا ختم ہو چکا ہے جس کی کمی اب سوشل میڈیا کے استعمال سے ہی پوری ہو سکتی ہے۔ لوگ اپنے رشتے داروں، دوستوں اور دیگر سے انٹرنیٹ پر مختلف ایپس کے استعمال سے رابطہ کر کے سماجی اکیلے پن کا کسی حد تک مداوا کر رہے ہیں۔

واٹس ایپ نے صارفین کی ضرورت کو بھانپتے ہوئے ویڈیو کالنگ میں بات کرنے والے افراد کی تعداد میں اضافے کا فیصلہ کیا، قبل ازیں واٹس ایپ ویڈیو کالنگ میں صرف 4 لوگ بات کر سکتے تھے، اب اس تعداد کو بڑھا کر 8 کر دیا گیا ہے تاہم ابھی یہ سہولت بیٹا ورژن میں ہے، عام صارفین تک اس کی رسائی میں کچھ وقت لگے گا۔