سماجی فاصلہ اور ماسک پہننا انتہائی ضروری، عوام جانتے ہوئے بھی احتیاط نہیں کرتے

Last Updated On 22 April,2020 09:28 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کورونا وباء سے بچاو کیلئے سماجی فاصلہ، ماسک اور دستانے پہننا کتنا ضروری ہے، عوام سب جانتے ہوئے بھی احتیاط کے لیے تیارنظر نہیں آئے۔ غیر ذمہ دارانہ طرز عمل نے شہریوں کو کورنا کے سنگین خطرات سے دوچار کر دیا۔

عوام کی لاپرواہی کے سبب کورونا وائرس کے خطرات سنگین ہو گئے، پنجاب حکومت کی لاک ڈاون میں نرمی پر شہریوں نے ہر احتیاط پس پشت ڈال دی۔راولپنڈی کی شاہراوں پر دوڑتی گاڑیاں ہوں یا چھوٹے بڑے بازار جہاں جائیں عوام کی بھیڑ ہے، سماجی فاصلہ کس چڑیا کا نام ہے، ماسک اور دستانے پہننا کتنا ضروری ہے، عوام کو اس سے کوئی سروکار نہیں۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی انوارالحق کہتے ہیں کہ عوام کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں تاہم شہریوں کو بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ طبی ماہرین نے بھی خبردار کیا ہے کہ عوام ہوش کے ناخن لیں، اس طرح کا طرز عمل تباہ کن ہو سکتا ہے۔