کینبرا: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا میں سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ مقامی نیوز کے مواد کے دوبارہ استعمال کرنے پر فیس بک اور گوگل کو پابند کرنے والے ہیں۔ ایسی خبریں شائع کرنے پر کمپنیوں کو ادائیگی کرنا ہو گی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریلوی حکومت کا کہنا ہے کہ فیس بک اور گوگل پر مقامی خبریں مواد کے دوبارہ استعمال پر ادائیگی شفاف مسابقتی ضوابط کی روشنی میں عائد کی جائے گی۔ ایسا کرنا یورپ کے کاپی رائٹس کے اصول کی طرح نہیں ہے۔ اس مناسبت سے آسٹریلوی حکومت اور دونوں بڑی ڈیجیٹل کمپنیوں کے مابین رضاکارانہ مذاکرات ابھی تک بے نتیجہ رہے ہیں۔
وزیر خزانہ جوش فریڈنبرگ کافی عرصے سے کہہ رہے ہیں کہ ڈیجیٹل ورلڈ کی دونوں کمپنیوں کو مقامی خبروں کے مندرجات استعمال کرنے پر ادائیگی کرنی چاہیے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے اعلان کیا کہ اب تک فیس بک اور گوگل سے جو مذاکراتی عمل جاری تھا، اس میں کوئی پیش رفت ممکن نہیں ہو سکی اور یہ بے سود رہا ہے۔ کوشش تھی کہ اس معاملے کے لیے اصول و ضوابط رضاکارانہ مذاکراتی عمل میں طے پا جاتے لیکن ایسا ہو نہیں سکا اور اب حکومت اس تناظر میں اپنے ضوابط رواں برس اختتامِ جولائی تک مرتب کر دے گی۔
فریڈنبرگ کا مزید کہنا تھا کہ یہ دونوں بہت بڑے ادارے ہیں اور ملکی سطح پر بہت کچھ اس اختلافی معاملے میں داؤ پر لگا ہوا ہے لہٰذا حکومت اس صورت حال کا مقابلہ پوری تیاری اور مثبت حکمتِ عملی کے ساتھ کرنے جا رہی ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق خیال کیا گیا ہے کہ آسٹریلوی حکومت کا فیس بک اور گوگل سے خبری مواد کی دوبارہ اشاعت پر ادائیگی کا مطالبہ کووڈ 19 کی وبا پھیلنے کے بعد مقامی ذرائع ابلاغ کو ملنے والے اشتہارات میں کمی کی وجہ سے کیا گیا ہے۔
وزیر مواصلات پال فلیچر کا کہنا تھا کہ فیس بک اور گوگل سے ادائیگی کی اپروچ یورپ سے مختلف ہے۔ آسٹریلوی موقف ملکی مارکیٹ سے حاصل ہونے والی آمدن میں سے مسابقتی قوانین کے تحت حصہ حاصل کرنا ہے اور یورپ کی کاپی رائٹس کی مد میں فیس کی وصولی بالکل مختلف طریقہ ہے۔
فیس بک اور گوگل کے بنیادی کثیر القومی ادارے الفابیٹ کا کہنا ہے کہ تنازعے پر آسٹریلوی حکومتی حلقے کے ساتھ بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔
گوگل کے مطابق آسٹریلوی مسابقتی اور کنزیومر کمیشن کے ساتھ کوڈ آف کنڈکٹ مرتب کرنے کی کوشش بھی کی جا رہی ہے تاکہ گزشتہ برس سے نیوز مواد کی دوبارہ اشاعت سے حاصل ہونے والی آمدن میں حصہ اور ادائیگی کا طریقہٴ کار طے کیا جا سکے۔
فیس بک اور گوگل کی ادائیگی سے حاصل ہونے والی رقم اُس پیکج میں شامل کی گئی ہے جس کا اعلان آسٹریلوی حکومت نے ملکی ذرائع ابلاغ کے لیے گزشتہ ہفتے کیا تھا۔ اس پیکج میں کمرشل ٹیلی وژن اور ریڈیو براڈکاسٹرز کے لیے ایک سال کے لیے ٹیکس سے استثنیٰ بھی شامل ہے۔