امریکہ میں کورونا وائرس کی دوسری لہر سے بڑی تباہی ہو سکتی ہے، طبی ماہرین

Last Updated On 22 April,2020 03:32 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) امریکی طبی ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر سے بڑی تباہی ہو سکتی ہے، زکام کا سیزن شروع ہونے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال زیادہ تباہ کن ہونے کا خطرہ ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی سائنسدانوں نے شہریوں کو خدشات سے آگاہ کرتے ہوئے ویکسی نیشن کروانے کی تاکید کی ہے کیونکہ آئندہ موسم سرما میں زکام کا دوبارہ حملہ ہونے کی صورت میں ہلاکتوں میں شدت آ سکتی ہے۔

ماہرین نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ملک ایک جانب عالمی وباء کورونا سے نبردآزما ہے تو دوسری جانب زکام کی وباء امریکی عوام کیلئے انتہائی پیچیدہ صورتحال ثابت ہو گی، ملک کا نظام صحت پہلے ہی انتہائی دباو میں ہے ایسے میں مزید مریضوں کا پریشر برداشت سے باہر ہو سکتا ہے۔ اس سے بچنے کی ایک ہی صورت ہے کہ شہری اپنی اور اپنے اہلخانہ کی بروقت ویکسی نیشن کروا لیں۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ امریکہ میں 45 ہزار سے زائد شہری کورونا کے سبب ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 8 لاکھ سے زائد وائرس کا شکار ہیں۔