برطانیہ: کورونا مریضوں کی تشخیص کیلئے موبائل ایپ کی تجرباتی جانچ شروع

Last Updated On 25 April,2020 08:54 am

لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی محکمہ صحت نیشنل ہیلتھ سروس نے کورونا وائرس (کووڈ 19) کی تشخیص کیلئے بنائی گئی ایپ کی رائل ائیر فورس بیس پر تجرباتی جانچ شروع کر دی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اس ایپ کو بلیو ٹوتھ سنگل کے ذریعے سمارٹ فونز کیساتھ منسلک کیا جاتا ہے۔ اگر کوئی شخص کورونا وائرس سے متاثر ہو تو دوسرے موبائل صارفین کو الرٹ میسج پہنچ جاتا ہے تاکہ وہ احتیاط کر سکیں۔

اس دلچسپ ایپ کے ذریعے یہ تک پتا چل سکتا ہے کہ کب سماجی دوری اختیار کرتے ہوئے آئسولیشن میں جانا ہے اور کب اس کی ضرورت نہیں ہوگی۔

برطانیہ کے ہیلتھ سیکرٹری میٹ ہین کوک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس ایپ کے تجرباتی نتائج انتہائی حوصلہ افزا ہیں۔ جب یہ ایپ لانچ کی جائے گی تو بہت سے لوگ اس کیساتھ منسلک ہو سکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سافٹ وئیر کے ذریعے کورونا وائرس کے ٹیسٹوں میں بھی خاطر خواہ مدد مل سکے گی۔

تاہم دوسری جانب کچھ ماہرین کی رائے ہے کہ برطانوی حکومت اس ٹیکنالوجی پر کچھ زیادہ ہی بھروسہ کر رہی ہے۔ نیو کاسل یونیورسٹی کے پروفیسر ایلیسن پولاک کا کہنا ہے کہ ہمیں ایسی کسی مہنگی ایپ یا ٹیکنالوجی کی قطعاً ضرورت نہیں جس کے ذریعے لوگوں کی ذاتی ڈیٹا آشکار ہونے کا خدشہ ہو۔

برطانیہ کی نیشنل ہیلتھ سروس نے اس ٹریسنگ ایپ کو مئی میں جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم حتمی فیصلہ برطانوی حکومت ہی کرے گی۔