چین میں خود کار طریقے سے چلنے والی کار متعارف کرادی گئی

Last Updated On 27 April,2020 10:47 am

بیجنگ: (روزنامہ دنیا) چین کے شہر چانگ شا میں خود کار طریقے سے چلنے والی کار متعارف کروا دی گئی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ترقی یافتہ ممالک میں جدید اور نت نئی گاڑیوں کا رجحان کافی تیزی سے فروغ پا رہا ہے، اسی سلسلے میں چین کے مختلف شہروں میں خود کار طریقے سے چلنے والی بسیں اور ٹیکسیاں متعارف کروائی جاتی رہی ہیں۔

چانگ شا شہر میں بھی خود کار طریقے سے چلنے والی کار متعارف کروا دی گئی ہے جس کا کامیاب تجربہ کیا گیا اور یہ سروس عوام کیلئے کھول دی گئی۔ اس سیلف ڈرائیونگ روبو ٹیکسی میں لیزر سنسر اور کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔

حکام نے پہلے اس کا تجربہ کیا جو کامیاب رہا، اب یہ کار عام افراد کی سواری کیلئے دستیاب ہے، گاڑی میں مسافروں کیلئے حفاظتی اقدامات کے پیش نظر ایک ٹیکنیشن بھی ہر وقت موجود رہتا ہے۔

چانگ شا میں اس خودکار گاڑی کی ٹیکسی سروس بھی دستیاب ہے جس کو دیگر آن لائن کار سروس کی طرح اپنی سہولت کے مطابق منگوایا جا سکتا ہے، اسے روبو ٹیکسی کا نام دیا گیا ہے۔