کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) امریکا کی الیکٹرک کار اور صاف انرجی پر کام کرنے والی معروف کمپنی ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک نے کہا ہے کہ وہ ایسی ٹیکنالوجی پر کام کر رہے ہیں جو اگلے انسانی زبانوں کو ختم کرنے کا باعث بن سکتی ہے۔
دی انڈیپینڈنٹ کے مطابق ایلون مسک نے یہ پیشگوئی نیورو ٹیکنالوجی کی اپنی فرم نیورا لنک کے بارے میں گفتگو کے دوران کی۔ انہوں نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیورا لنک چپ کو اگلے سال انسانی دماغ سے جوڑنے کی صلاحیت حاصل کر لی جائے گی۔
یہ چپ بیٹری سے چلے گی، اسے انسانی کھوپڑی میں لگایا جائے گا اور اس کے الیکڑوڈز انسانی دماغ میں داخل کیے جائیں گے۔ ایلون مسک کا کہنا تھا کہ
یہ چپ دماغ میں کہیں بھی کام کر سکتی ہے۔ یہ ناصرف نظر کی کمزوری پر بھی قابو پا سکتی ہے بلکہ یہ دماغ کے ساتھ پیش آنے والے کسی بھی مسئلے کو حل کر سکے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر یہ ڈیوائسز دماغی چوٹوں یا بیماریوں سے متاثرہ افراد کی مدد کرنے کے لیے تیار کی جائیں گی لیکن اگلے مراحل میں یہ ان سے کچھ زیادہ کرنے کے قابل ہوں گی۔
ایلون مسک نے کہا کہ آپ کو اس چپ کی مدد سے انسانوں کو زبانوں کی ضرورت نہیں رہے گی۔ میں نہیں جانتا زبان کے ساتھ کیا ہو گا۔ ایسی صورتحال میں یہ فلم میٹرکس جیسا ہو گا۔ اگر آپ مختلف زبانوں میں بات کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو ان زبانوں کا پروگرام ڈاؤن لوڈ کرنا ہو گا۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ اس منصوبے کو مکمل کرنے کے لیے کتنا عرصہ درکار ہو گا تو ان کا کہنا تھا کہ اگر جدت اسی رفتار سے بڑھتی رہی تو یہ پانچ سے 10 سال کے دوران ہو سکتا ہے۔