ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپانی ماہرین ایسی موٹوسائیکل کی کمرشل تیاری میں مصروف ہیں جس میں ہوا بھر کر چلایا جاتا ہے، ائیرپمپ کو موٹرسائیکل سے ساتھ ہی نصب کیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اس موٹرسائیکل کو سمیٹ کر ایک بیگ میں رکھ کر پشت پر بھی لادا جا سکتا ہے، اس کا وزن بھی کچھ زیادہ نہیں جس کی وجہ سے اسے اٹھا کر چلنا نہایت آسان ہے۔ ابھی اس کا پروٹوٹائپ ہی سامنے آیا ہے جس میں ائیر کمپریسر علیحدہ دکھایا گیا ہے۔ تاہم مکمل ڈیزائن میں اسے موٹرسائیکل کے ساتھ ہی منسلک کر دیا جائے گا۔
موٹرسائیکل کا بیرونی ڈھانچہ مضبوط پلاسٹک سے بنا ہے جو اپنی سختی کے سبب ایک سوار کا وزن آرام سے برداشت کر سکتا ہے۔ اس کو چلانے والے کے پاوں ایک سٹیل کی پلیٹ پر ٹکے ہوں گے اس لئے اسے چلانا بھی آسان معلوم ہوتا ہے۔ تاہم ناقدین نے کچھ سوالات اٹھائے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکل کی رفتار کتنی ہو گی اور کیا اتنی ہلکی پھلکی سائیکل کو طویل سفر کیلئے استعمال کیا جا سکے گا، مزید یہ کہ اس کو دوبارہ سمیٹنے میں کتنا وقت لگے گا۔
کمپنی کی طرف سے فی الحال ان سوالوں کا کوئی جواب نہیں دیا گیا تاہم خاموشی سے اس کی تیاری بھرپور انداز میں جاری ہے۔ کمپنی نے اس کی بیٹری سے متعلق بھی کچھ نہیں بتایا تاہم امکان ہے کہ وہ موٹرسائیکل کے نچلے حصے میں ہے۔ اور وزن تو آپ کو بتایا ہی نہیں، جی ہاں جناب اس کا وزن صرف ساڑھے پانچ کلو گرام ہے۔ یعنی صرف 5 کلو وزن میں ایک پوری موٹرسائیکل آپ کو دستیاب ہو گی، دور دراز کا سفر کریں تو آپ کو وہاں آمدورفت کی فکر کرنے کی ضرورت نہیں، موٹرسائیکل ہے نا آپ کے پاس، بس بیگ سے نکالیں، ہوا بھریں اور استعمال کریں۔