چوہوں سے ایک اور خطرناک وائرس انسانوں میں منتقل

Last Updated On 12 May,2020 11:56 am

بیجنگ: (روزنامہ دنیا) چینی ماہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ چوہوں سے ایک نیا وائرس انسانوں میں منتقل ہونا شروع ہو گیا ہے جس کی وجہ سے انہیں ہیپاٹائٹس ای لاحق ہو رہا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اب تک چین میں گیارہ ایسے کیسز سامنے آئے ہیں جن میں چوہوں سے مہلک وائرس انسانوں میں منتقل ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ ان متاثرہ افراد میں ہیپاٹائٹس ای کا نیا سٹرین پایا گیا، وائرس کی یہ قسم صرف چوہوں میں پائی جاتی ہے جو اس سے قبل انسانوں میں منتقل ہونے کی رپورٹیں سامنے نہیں آئی تھیں۔

ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ چوہوں کے کھانے پینے کی اشیاء آلودہ کرنے سے یہ وائرس انسانوں میں منتقل ہو رہا ہو، یا پھر کسی اور جانور سے بھی منتقلی ممکن ہے جسے ہم جانتے نہ ہوں۔

انہوں نے بتایا کہ ہیپاٹائٹس ای براہ راست جگر کو اثر انداز کرتا ہے جس کے نتیجے میں انسان کی موت بھی واقع ہوسکتی ہے، اُن کا کہنا تھا کہ ہیپاٹائٹس ای کے اکثر مریضوں میں انتہائی معمولی علامات ظاہر ہوتی ہیں لیکن ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے اندازے کے مطابق اس وائرس کی وجہ سے 2015ء میں دنیا بھر میں 44 ہزار لوگ موت کے منہ میں جاچکے ہیں۔