متحدہ عرب امارات کا خلائی مشن 15 جولائی کو روانہ کیا جائے گا

Last Updated On 13 June,2020 10:35 am

ابوظہبی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ الامل نامی مشن جاپانی خلائی مرکز سے پندرہ جولائی کو روانہ کیا جائے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ڈوئچے ویلے کے مطابق اس وقت اس مشن کی روانگی سے متعلق اقدامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ برس متحدہ عرب امارات نے اپنا پہلا خلا نورد بھیجا تھا۔ اب اس مشن کو اس کے لیے ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ ان کا ملک اب سے قریب ایک صدی بعد سن 2117 تک مریخ پر انسانی بستی کے قیام کا خواہاں ہے۔

اس خلائی مشن میں "انفراریڈ سپیکٹرومیٹر" نصب ہے جو مریخ میں کرہ ہوائی کی نچلی سطح کی پیمائش کرے گا اور وہاں کی درجہ حرارت کا مطالعہ کرے گا۔

اس کے علاوہ ایک انتہائی جدید ترین کیمرہ بھی اس مشن میں موجود ہے، جو مریخ پر اوزن کی تہہ کی تصاویر بنائے گا جبکہ الٹرا وائلٹ سپیکٹرو میٹر بھی اس مشن کا حصہ ہے جس کے ذریعے مریخ کی سطح سے 43 کلومیٹر دور سے اس سیارے پر موجود آکسیجن اور ہائیڈروجن کو ناپا جائے گا۔

یہ مشن پندرہ جولائی کو جاپانی خلائی مرکز سے روانہ ہوگا جبکہ اس کی واپسی فروری 2021 میں ہوگی۔