نیو یارک: (ویب ڈیسک) گوگل میپ ایپ صارفین کو سفر کے دوران سہولت فراہم کرنے کے لیے نئے نئے فیچرز متعارف کراتا ہے جب کہ عالمگیر وبا کورونا سے بچنے اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بھی یہ ایپ سرگرم ہے۔
اب حال ہی میں گوگل میپ ایپ نے کووڈ-19 یعنی کورونا وائرس سے متعلق مزید الرٹس میں اضافہ کر دیا ہے جس میں صارفین سفری معلومات کے ساتھ ساتھ یہ بھی معلوم کر سکیں گے کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں کتنا رش ہے۔
صارفین کو یہ بھی الرٹس حاصل ہو سکیں گی کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے کس روٹ پر ٹرانسپورٹ موجود ہے اور انہیں احتیاط کرتے ہوئے ماسک پہننے کی بھی ہدایت دی جائے گی۔
گوگل میپ کی کورونا وائرس سے متعلق نئی اپ ڈیٹ میں صارفین کو یہ بھی معلوم ہو سکے گا کہ ٹرانزٹ سینٹر میں کس وقت کم یا زیادہ رش ہے۔
دوسری جانب گوگل میپ ڈرائیونگ کرنے والے حضرات کو بھی الرٹ کرے گا کہ لاک ڈاؤن کے دوران کون سا راستہ کھلا ہوا ہے اور کون سا بند ہے۔
گوگل میپ کا یہ فیچر شروعات میں امریکا، جنوبی کوریا، فلپائن، انڈونیشیا اور اسرائیل کے صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا جس کے بعد اسے دنیا بھر کے دیگر ممالک میں پیش کیا جائے گا۔