لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے دوران وفاقی،صوبائی حکومتوں اور عوام نے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ مہلک وباء کے دوران جو کردار ہمیں ادا کرنا چاہیے تھا وہ نہیں کیا، کورونا وائرس جادو ٹونے سے ختم نہیں ہو سکتا۔پاکستان میں کیسز صحت یاب افراد سے زیادہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس سے صورتحال گھمبیر ہوتی جا رہی ہے، جس پر تشویش ہے، پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں صحت یاب افراد سے ڈبل کیسز موجود ہیں۔ یہ الارمنگ صورتحال ہے۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ سب کو یہ ماننا ہو گا یہ حقیقت ہے، اس میں کوئی سازش نہیں ہے، وباء نے متعدد لوگوں کو ہلاک کیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ کیا ہماری وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے وہ کردار ادا کیا جو کرنا چاہیے تھا میرے خیال میں یہ کردار ادا نہیں کیا جبکہ 20 کروڑ عوام نے اپنی ذمہ داری کا ثبوت نہیں دیا۔سب کو اپنی جانیں بچانے کا ثبوت دینا چاہیے تھا۔ غلطی کی وجہ سے کورونا آؤٹ آف کنٹرول ہو گیا ہے۔ موذی مرض کوکنٹرول کرنے کے لیے جامع پالیسی بنانے کی ضرورت ہے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ برطانوی پارلیمنٹ کے 15 ارکان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم کو اجاگر کیا ہے۔ مقبوضہ وادی میں ہونے والے ظلم پر آواز ہر فورم پر اٹھا رہے ہیں۔ بھارت نے اگر پاکستان پر حملہ کیا تو منہ توڑ جواب دیا جاے گا۔
چودھری سرور کا کہنا تھا کہ نیب خودمختارادارہ ہے اوراپنے فیصلے خود کرتا ہے۔ حکومت کسی کے کام میں مداخلت نہیں کرتی۔