لاہور: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر کی انتظامیہ ان دنوں معروف صارفین کے اکاونٹس کی تصدیق کیلئے اپنے فیچر بلیو ٹک کی بحالی پر غور کر رہی ہے جس کا مقصد جعلی اکاونٹس سے پھیلنے والی غلط فہمیوں کی روک تھام تھا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بعض سربراہان مملکت جن میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کے علاوہ صدر ٹرمپ، مختلف اداروں کے سربراہان اور خصوصا شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی ملکی و غیر ملکی شخصیات ٹویٹر کے ذریعے معلومات شیئر کرنا محفوظ طریقہ سمجھتے تھے تاہم معروف شخصیات کے نام پر بنے بے شمار جعلی اکاونٹس نے غلط معلومات پھیلنے کا خطرہ بڑھا دیا۔
ٹویٹر نے اس مسئلے کا حل یہ نکالا تھا کہ اہم شخصیات کے اکاونٹس کی تصدیق کیلئے ایک نیلے رنگ کا ٹک مارک کا استعمال شروع کر دیا جس سے صارفین کو پتہ چل جاتا تھا کہ وہ مخصوص شخصیت کا حقیقی اکاونٹ ہے، اس طریقے سے خبر کی تصدیق کا مسئلہ کافی حد تک حل ہو گیا تھا۔
تاہم مختلف ممالک میں ہونے والے انتخابات کے دوران ٹویٹر پر پراپیگنڈہ مہم کے ذریعے نتائج پر اثرانداز ہونے کے الزامات کی تحقیقات کی گئیں تو ٹویٹر انتظامیہ نے بلیو ٹک فیچر کا استعمال متروک کر دیا۔
اب ایک مرتبہ پھر یہ سننے میں آ رہا ہے کہ ٹویٹر انتظامیہ کی جانب سے اس بلیو ٹک فیچر کو دوبارہ استعمال میں لانے پر کام جاری ہے، رپورٹ کے مطابق ایک ٹویٹر صارف نے ٹویٹ کیا کہ انتظامیہ بلیو ٹک فیچر پر دوبارہ کام کر رہا ہے جس کی تردید نہیں کی گئی، انتظامیہ کی جانب سے اتنا کہا گیا ہے کہ بلیو ٹک فیچر پر کام جاری ہے۔