سنیپ چیٹ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اکاؤنٹ کی تشہیر پر پابندی لگا دی

Last Updated On 04 June,2020 07:04 pm

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) ملٹی میڈیا میسجنگ ایپ سنیپ چیٹ کی جانب سے یہ اقدام عدم تشدد کی پالیسی پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ٹویٹر انتظامیہ کی تقلید میں اٹھایا گیا ہے۔

سنیپ چیٹ کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے بعد میسجنگ ایپ پر اب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایسے بیانات کی تشہیر نہیں ہو سکے گی جس میں بظٓاہر نسلی تشدد ابھر سکے۔

سنیپ کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نسلی تشدد اور ناانصافی کی ہمارے معاشرے میں بالکل جگہ نہیں ہے۔ ہم ان سب کیساتھ کھڑے ہیں جو ملک میں امن، پیار برابری اور انصاف چاہتے ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل سماجی رابطوں کی معروف ویب سائٹ ٹویٹر نے بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر یہ الزام عائد کیا تھا کہ انھوں نے اپنی ایک ٹویٹ میں تشدد کو ہوا دینے کی کوشش کی تھی۔

صدر ٹرمپ نے اپنی ٹویٹ میں لکھا تھا کہ کسی بھی مشکل گھڑی میں ہم کنٹرول سنبھال لیں گے، اگر لوٹ مار شروع ہوئی تو فائرنگ بھی شروع ہو جائے گی۔ ان کی یہ ٹویٹ ریاست منی سوٹا میں ایک سیاہ فام امریکی شہری جارج فلوئیڈ کی پولیس کی تحویل میں ہلاکت کے بعد جھڑپوں سے متعلق تھی۔