تندرست وتوانا بدن کیلئے ورزش کے ساتھ ساتھ صبح کی سیر انتہائی ضروری

Last Updated On 04 June,2020 09:39 am

لاہور: (دنیا نیوز) تندرست وتوانا جسم کو پانے کے لئے صحتمند سرگرمیاں اور جسمانی ورزش کے ساتھ ساتھ صبح کی سیر انتہائی ضروری ہے۔ بالخصوص اس وقت جب لاک ڈاؤن چل رہا ہے ایسے میں تروتازہ دماغ اور تندرست جسم قوت مدافعت کو بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔

صحتمند اور تندرست جسم نہ صرف انسان کو بیماریوں سے بچاتا ہے بلکہ قوت مدافعت میں بھی اضافہ کا باعث بنتا ہے اور یہ ہی قوت مدافعت حملہ آور ہونے والے مختلف وائرس سے بچاتی ہے۔ صبح کی ورش کے بعد متوازن غذا اس حوالے سے کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ جاگنگ اور مختلف ورزش کرنے والے حضرات نہ صرف جسمانی طور پر مضبوط ہوتے ہیں بلکہ ان میں دماغی طور پر بھی ہر چیلنج قبول کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔

کسی بھی ناگہانی آفت میں انسان کے اوسان خطا ہو جائیں تو وہ احسن فیصلے نہیں کر سکتا اور اپنے آپ کو حالات کے رحم وکرم پر چھوڑ دیتا ہے۔ لہذا حواس کو قابو رکھنے کے لئے صبح کی ہلکی پھلکی ورزش اور سیر انتہائی ضروری ہے۔

طبی ماہرین کا ماننا ہے کہ ورزش اور صبح کی سیر نہ صرف انسانی جسم کو قوت بخشتی ہے بلکہ اس میں وہ قوت بھی پیدا کرتی ہے کہ وہ حملہ آور ہونےوالے مختلف وائرس کا مقابلہ کر سکے۔

آج کل بیشتر افراد لاک ڈاؤن کی وجہ سے گھروں میں قرنطینہ میں ہیں، لہذا ان افراد کے لئے باغات میں صبح کی سیر انتہائی ضروری ہے تاکہ وہ کورونا وائرس کے خلاف اپنی قوت مدافعت کو بڑھا سکیں۔

حکومت کو چاہیے کہ وہ جہاں لوگوں میں کورونا وائرس سے متعلق شعور و آگہی پیدا کر رہی ہے وہیں مختلف شہروں کے عوامی باغات کو صبح پانچ بجے سے ساتھ بجے تک کھول دے تاکہ لوگ حفاظتی اقدامات کے ساتھ صبح سیر اور جاگنگ کرکے اپنے آپ کو تندرست وتوانا رکھیں۔