وزیر خوراک کا زرعی پیداوار میں اضافہ کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور

Last Updated On 13 July,2020 09:13 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی تحفظ خوراک اور تحقیق کے وزیر سید فخر امام نے فی ایکڑ پیداوار بڑھانے اور ملکی معیشت کی ترقی کیلئے زرعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنے پر زور دیا ہے۔

قومی اسمبلی میں زرعی شعبے کے بارے میں بحث کا آغاز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فصل کی پیداوار بڑھانے کیلئے کاشتکاروں کو کپاس، گندم، گنے اور مکئی جیسی اہم فصلوں کے معیاری بیج سستے داموں فراہم کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے معیاری بیج سے جس سے پودا اگنے کی اسی فیصد صلاحیت ہو ،آئندہ برسوں میں کپاس کی گانٹھوں کی پیدوار نو ارب سے چودہ ارب تک بڑھ سکتی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ تاجروں کو پاکستان میں ایک مقررہ مدت میں حشرات کش ادویات اور فارم مشینری تیار کرنے کا پابند بنایا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ رقم کی بچت اور معیار اور پیداوار میں اضافے کیلئے ٹیکنالوجی کی منتقلی ضروری ہے۔

بحث میں حصہ لیتے ہوئے علی گوہر نے کہا کہ کاشتکاروں کو سستی بجلی فراہم کی جائے اور حکومت کو ایسی شوگر ملوں کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے جنہوں نے کسانوں سے گنا خرید لیا لیکن اس کی قیمت ا دا نہیں کی۔
صاحبزادہ افتخار احمد نے کہا کہ حکومت کو کسانوں کو بیجوں اور کھاد پر اعانت فراہم کرنی چاہیے۔