دس سال میں پاکستان کو ٹیکنالوجی سپر پاور بنانا اصل منزل ہے: فواد چودھری

Last Updated On 13 July,2020 09:16 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا ہے کہ دس سال میں پاکستان کو ٹیکنالوجی سپر پاور بنانا اصل منزل ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق میڈ ان پاکستان کے منصوبوں کو وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے اپنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سینیٹائزر سے ماسک تک یا تو مل ہی نہیں ہوتے یا بلیک ہو رہے ہوتے،آج اپنی ضرورت بھی پوری ہو رہی ہے اورکروڑوں کی ایکسپورٹ بھی کر رہے ہیں۔

ٹویٹر پر اپنے بیان میں فواد چودھری کا کہنا تھا کہ اگلے مرحلے میں فیصل آباد میں دو سو ایکڑ پر ہیلتھ سٹی اور لاہور ، کراچی اور اسلام آباد میں سائنس وٹیکنالوجی سپیشل اکنامک زون بنانے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان اقتصادی ز ونز میں ٹیکنالوجی انڈسٹری اور بزنس کو خصوصی مراعات حاصل ہوں گی ۔ دس سال میں پاکستان کو ٹیکنالوجی سپر پاور بنانا اصل منزل ہے۔

اپنے ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے امریکا، چین، روس، جنوبی کوریا، جاپان سمیت یورپی یونین کی ملٹی نیشنل کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

ٹویٹر پر انہوں نے مزید لکھا کہ میں ان ممالک کی کمپنیوں کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے دوستانہ ماحول دیا جائے گا، ٹیکنالوجی کے کاروبار میں یہاں پر ٹیکس سٹرکچر بہت آسان ہے۔ ہمارے دروازے اس کے لیے کھلے ہیں۔ دنیا کی 66 فیصد آبادی پاکستانی فضائی راستے سے صرف چار گھنٹے کی دوری پر ہے۔