اسلام آباد: (دنیا نیوز) شہر اقتدار کی پولیس سٹریٹ کرائم کے خاتمے کیلئے اب گاڑیوں کی بجائے ڈرون سے پٹرولنگ کرے گی۔ یہ بات وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی نے بتائی ہے۔
فواد چودھری نے اپنے بیان میں بتایا کہ پاکستان کے پہلے سول ڈیفنس آر اینڈ ڈی پر کام شروع کر دیا گیا ہے، اس سلسلے میں دس تھانے ڈیزائن کیے ہیں۔ ہم اسلام آباد پولیس کو ڈرون دے رہے ہیں۔ گاڑیاں ختم کرکے پٹرولنگ ڈرون سے ہوگی۔ ڈرونز کے استعمال سے سٹریٹ کرائم کم ہونگے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ چھ سو لوگوں کے ساتھ ایگریکلچر سروس کمپنی بنائیں گے۔ زمین کی ٹیسٹنگ اور ڈرون سپرے ترجیح ہوگی۔ ہم یو اے ای اور سعودی عرب کو سرمایہ کاری کی دعوت دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان 2 ارب ڈالر کے الیکٹرو میڈیکل آلات ہر سال درآمد کرتا ہے جبکہ ایک ارب ڈالر کے اخراجات ان آلات کی مرمت پر لگتے ہیں۔
سیالکوٹ، کراچی اور لاہور میں سپیشل اکنامک زونز بنا رہے ہیں۔ وزارت تجارت سے درآمد ہونے والے آلات کی تفصیلات مانگی ہیں۔