ٹوکیو: (ویب ڈیسک) الیکٹرونکس اشیا بنانے والی جاپان کی مشہور انٹرنیشنل کمپنی توشیبا نے لیپ ٹاپ اور کمپیوٹرز کی تیاری بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
توشیبا کا آئندہ لیپ ٹاپ یا دیگر کمپیوٹرز کی تیاری سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔ 2018ء میں ایک اور جاپانی کمپنی شارپ نے کمپیوٹر ٹیکنالوجی سے وابستہ توشیبا 80 فیصد اشیا خرید لی تھیں جن کی مالیت تقریباً 36 ملین ڈالرز تھیں۔ اب کمپنی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شارپ نے بقیہ 20 فیصد سامان بھی خرید لیا ہے۔
خیال رہے کہ توشیبا کا پہلا لیپ ٹاپ 1985ء میں لانچ کیا گیا تھا۔ چار کلو وزنی یہ ڈیوائس 3.5 انچ فلاپی ڈرائیو کے ذریعے کام کرتی تھی۔ اسے سب سے پہلے یورپ کی مارکیٹ کیلئے بنایا گیا تھا۔
2011ء میں توشیبا نے ریکارڈ بناتے ہوئے 17 ملین کمپیوٹر فروخت کئے تاہم 2017ء تک اس کی فروخت میں بتدریج کمی ہوتے صرف ایک اعشاریہ نو ملین رہ گئی تھی۔
2015ء میں توشبیا کا اس وقت شدید جھٹکا لگا جب پورے سال میں کمپنی کو 318 ملین ڈالرز کا خسارہ برداشت کرنا پڑا، جس کی وجہ سے کمپنی کے صدر اور نائب صدر کو اپنی نوکری سے ہاتھ دھونے پڑ گئے تھے۔