غیر معیاری مواد کے پھیلاؤ کا سدباب، ٹویٹر نے نیا فیچر متعارف کرا دیا

Published On 27 September,2020 09:42 pm

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) سماجی رابطوں کی مشہور ویب سائٹ ٹویٹر نے غیر معیاری مواد کو پھیلنے سے روکنے کیلئے ایک نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے۔

اس فیچر کی آزمائش جون 2020ء میں شروع کی گئی تھی۔ اس کے ذریعے صارفین کو آگاہ کیا جا رہا تھا کہ وہ کسی ٹویٹ کو آگے بھیجنے سے قبل اسے ضرور پڑھیں کیونکہ بغیر نظر ثانی کے ایسی تحریریں افواہوں کو پھیلا سکتی ہیں۔

ٹویٹر حکام کا کہنا ہے کہ غلط مواد کو روکنے کیلئے بنایا جانے والا یہ فیچر اب سب کیلئے دستیاب ہوگا۔ اس فیچر کے آنے کے بعد کوئی صارف جب بھی ٹویٹ کرنے لگے گا تو اسے آگاہ کرنے کیلئے ایک پیغام کھل جائے گا۔ اس کے بعد پوچھا جائے گا کہ کیا واقعی آپ اسے پڑھے بغیر شیئر کرنا چاہتے ہیں۔

ٹویٹر کمپنی کا کہنا ہے کہ جب یہ فیچر ہر ایک کو دستیاب ہوگا تو لوگوں میں زیادہ بہتر انداز سے معلومات کو شیئر کرنے کی حوصلہ افزائی ہوگی۔