اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے گوگل اور وکی پیڈیا کو پلیٹ فارمز کے ذریعے گستاخانہ مواد پھیلانے کے معاملے پر نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے یہ اقدام ایسے وقت میں اٹھایا ہے جب سے گمراہ کن سرچ رزلٹس کے حوالے سے شکایات موصول ہو رہی ہیں۔معاملے کی انتہائی سنجیدہ نوعیت کے پیش نظر پی ٹی اے نے گوگل سے رابطہ کرکے اس قسم کے غیر قانونی مواد کوفوری طور پر ہٹانے کی ہدایات کی۔
پی ٹی اے کے مطابق متعلقہ پلیٹ فارم کو جاری کردہ یہ نوٹس غیرقانونی آن لائن مواد کو ہٹانے اور بلاک کرنے (طریقہ کار،نگرانی اورحفاظتی اقدامات) قواعد 2020 کے تحت جاری کیے گئے ہیں تاکہ ریگولیٹر کی جانب سے کسی بھی قانونی کارروائی سے بچنے کیلئے گستاخانہ مواد کو فوراً ہٹا دیا جائے۔
Press Release: PTA issues Notices to Google Inc. and Wikipedia on account of disseminating sacrilegious content through the platforms. pic.twitter.com/AhG9PHCJS1
— PTA (@PTAofficialpk) December 25, 2020
پی ٹی اے کے مطابق پیغمبر اسلامؐ کے گستاخانہ خاکوں کی موجودگی اور وکی پیڈیا پر شائع کردہ مضامین کے ذریعے گمراہ کن، غلط، فریب اوردھوکہ دہی پرمبنی معلومات سے متعلق شکایات بھی موصول ہوئی ہیں۔ اس معاملے پر وسیع گفت و شنید کے بعد وکی پیڈیا کو نوٹس جاری کردیا گیا تاکہ کسی بھی قانونی کارروائی سے بچتے ہوئے گستاخانہ مواد کو فوری طورپر ہٹا دیا جائے۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ پلیٹ فارمز کی جانب سے عدم تعمیل کی صورت میں پی ٹی اے پریوینشن آف الیکٹرانک کرائم ایکٹ 2016 (پی ای سی اے) اور قواعد 2020 کے تحت مزید کارروائی کر سکتا ہے۔