اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے پاکستان کے 8 بڑے شہروں میں سافٹ ویئر پارکس بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان شہروں میں کوئٹہ، گوادر، فیصل آباد، بنوں، سوات، مردان، سکھر اور حیدر آباد شامل ہیں۔
اس اہم فیصلے پر نجی ویب سائٹ سے خصوصی بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے 8 شہروں میں سافٹ ویئر پارکس بنانے کا جو منصوبہ بنایا گیا ہے وہ اسی سال مکمل ہو جائے گا جبکہ اگلے دو سالوں میں 25 اور ٹیکنالوجی پارکس بھی بنانے کا پلان ہے۔
سید امین الحق کا کہنا تھا کہ سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس کے قیام کی ہدایت پر کام شروع ہو چکا ہے۔ ان کے قیام سے ہزاروں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں ابھی 15 ٹیکنالوجی پارکس موجود ہیں۔ آئندہ دو برسوں میں ان کی تعداد 40 ہو جائے گی۔ گزشتہ مالی سال کے دوران آئی ٹی برآمدات میں 23 فیصد اضافے کے ساتھ پاکستان نے گزشتہ مالی سال کے دوران ایک ارب ڈالر زیادہ کمائے ہیں۔ 2023ء میں آئی ٹی برآمدات کا ہدف 5 ارب ڈالر مقرر کیا گیا ہے۔