اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے سال 2020ء میں 278 ارب روپے قومی خزانہ میں جمع کرائے ہیں جو کہ سال 2019ء کی نسبت 129 فیصد زائد رقم ہے ۔
ٹیلی کام شعبہ کی آمدنی سال 2020ء میں 537 ارب روپے ہو گئی ہے۔ پی ٹی اے کی سالانہ رپورٹ کے مطابق سال 2020ء میں براڈ بینڈ صارفین کی تعداد 9 کروڑ اور موبائل فون صارفین کی تعداد 17 کروڑ 20 لاکھ ہو چکی ہے جبکہ 22 لاکھ لوگ فکسڈ ٹیلی کام سروسز استعمال کررہے ہیں۔
اس وقت ملک کی 87 فیصد آبادی کو ٹیلی کام سروسز میسر ہیں جبکہ 13 فیصد آبادی انٹرنیٹ اور ٹیلی کام کی سہولیات سے محروم ہے۔
گزشتہ 5 سال میں مجموعی براڈ بینڈ سبسکرپشن میں 175 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ مقامی سطح پر فور جی ڈیوائس مینوفیکچرنگ میں 34 فیصد اضافہ ہوا۔