اسلام آباد/ پشاور: (دنیا نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹٰ اے) نے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ملک بھر میں ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر پابندی عائد کر دی ہے۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک میں ایک بار پھر ٹک ٹاک ایپ پر پابندی عائد کر دی گئی، اس سلسلے میں تمام کمپنیوں کے لئے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام سروس پرووائیڈرز ٹک ٹاک تک رسائی بند کر دیں۔ ٹک ٹاک پر پابندی عدالتی فیصلے کی روشنی میں عائد کی گئی ہے۔
In respectful compliance to the orders of the Peshawar High Court, PTA has issued directions to the service providers to immediately block access to the TikTok App. During the hearing of a case today, the PHC has ordered for the blocking of App.
— PTA (@PTAofficialpk) March 11, 2021
خیال رہے کہ پشاور ہائیکورٹ میں ٹک ٹاک کیخلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی جس میں ڈی جی پی ٹی اے،ڈپٹی اٹارنی جنرل اور درخواست گزار وکیل پیش ہوئے۔
چیف جسٹس قیصررشید نے استفسار کیا کہ ٹک ٹاک ایپلی کیشن بند کرنے سے ان کو نقصان ہوگا؟ جس پر ڈی جی پی ٹی اے نے اثبات میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ جی ہاں، ان کو نقصان ہوگا۔ ڈائریکٹر جنرل پی ٹی اے نے کہا کہ ٹک ٹاک عہدیداروں کودرخواست دی لیکن ابھی مثبت جواب نہیں آیا۔
چیف جسٹس قیصر رشید نے ریمارکس دیئے کہ ٹک ٹاک ویڈیوز سے معاشرے میں فحاشی پھیل رہی ہے، جو ویڈیواپ لوڈ ہوتی ہیں یہ معاشرے کو قابل قبول نہیں۔اس سے سب سے زیادہ نوجوان متاثر ہورہے ہیں،ایپلی کیشن سے متعلق جو رپورٹ ملی ،وہ افسوسناک ہے۔ چیف جسٹس نے حکم دیا کہ جب تک ٹک ٹاک حکام تعاون نہیں کرتے، ایپلی کیشن کو بند کر دیا جائے۔