جاپانی کمپنی ہونڈا نے خودکار گاڑی متعارف کرا دی

Published On 04 March,2021 09:06 pm

ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپان کی مشہور کمپنی ہونڈا نے صارفین کیلئے اپنی نئی گاڑی متعارف کرا دی ہے جو آٹومیٹک طریقے سے خود ڈرائیو کر سکتی ہے۔

اس گاڑی کو لیجنڈ کا نام دیا گیا ہے جسے جلد ہی فروخت کیلئے پیش کر دیا جائے گا۔ فی الحال یہ گاڑی صرف جاپانی شہریوں کیلئے ہی دستیاب ہوگی، اس کے ابھی صرف 100 یونٹ ہی 5 مارچ کو مارکیٹ میں دستیاب ہونگے۔

اس گاڑی کی پاکستانی کرنسی میں قیمت تقریباً ایک کروڑ 60 لاکھ روپے ہیں۔ ہونڈا کمپنی کا کہنا ہے کہ اس گاڑی کو صارفین ناصرف خود ڈرائیو کر سکتے ہیں بلکہ خود کار طریقے سے بھی سڑکوں پر دوڑ سکتی ہے۔

اب صارف چاہیں تو ہائی ویز پر اس گاڑی کو خود کار موڈ پر لگا کر خود گانے سن سکتے ہیں، فلمیں دیکھ سکتے ہیں یا سڑک کے نظاروں سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔

اس گاڑی کی خاص بات یہ ہے کہ خود کار طریقے سے چلنے والی یہ گاڑی جب محسوس کرے گی کہ اب ڈرائیور کو خود اس کا کنٹرول سنبھال لینا چاہیے تو وہ وائبریشن کے ذریعے الرٹ کر دے گی۔


 

Advertisement