چین کی سستی ترین برقی کار، ٹیسلا کو پیچھے چھوڑ دیا

Published On 26 February,2021 08:32 pm

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چینی کمپنی کی جانب سے تیار کی گئی انتہائی سستی لیکن معیاری گاڑی نے دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کی ٹیسلا کمپنی کی گاڑی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے میں چھپنے والی رپورٹ کے مطابق اس چینی گاڑی کی قیمت تقریباً آٹھ لاکھ روپے (4500 ڈالرز) ہے۔ اس گاڑی نے دیکھتے ہی دیکھتے ایسی مقبولیت حاصل کی کہ ٹیسلا گاڑی سے آگے نکل گئی ہے۔

اس حیرت انگیز گاڑی کو چین کی سرکاری کمپنی نے تیار کیا ہے۔ ایس اے آئی سی موٹرز کی یہ گاڑی ابھی فی الحال چھوٹے سائز میں ہی دستیاب ہے لیکن اسے صارفین بہت پسند کر رہے ہیں۔

اس گاڑی کو ہانگ گوانگ منی ای وی کا نام دیا گیا ہے۔ اس گاڑی کو امریکی کمپنی جنرل موٹرز کے تعاون سے تیار کیا جا رہا ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ماہ اس گاڑی کی فروخت ٹیسلا کے مقابلے میں دوگنا تھی۔ اس گاڑی کا عام ورژن ساڑھے چار ہزار جبکہ ایئر کنڈیشنر 5 ہزار ڈالرز میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

چینی کمپنی کی اس گاڑی کو گزشتہ سال ہی متعارف کرایا گیا تھا۔ اس کی تیز ترین رفتار کی حد 100 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے اور اس میں ایک وقت میں بمشکل چار افراد بیٹھ سکتے ہیں۔

 

Advertisement