ٹک ٹاک کا مقابلہ، فیس بک میں ویڈیوز فیچر کی آزمائش

Published On 09 March,2021 06:44 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) سماجی رابطے کی سب سے مشہور ویب سائٹ فیس بک نے چینی ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک کو ٹکر دینے کیلئے اپنا فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل انسٹاگرام پر بھی ٹک ٹاک کی نقالی کرتے ہوئے ایک فیچر متعارف کرایا گیا تھا، جسے دنیا بھر میں صرف کچھ مہینوں کیلئے پیش کیا گیا تھا۔

تاہم اس مرتبہ فیس بک نے ریلز کو بلیو ایپ کا حصہ بنا لیا ہے۔ ابھی اس کی آزمائش صرف انڈیا میں محدود پیمانے پر ہی کی جا رہی ہے۔ اس نئے فیچر کے اندر ویڈیوز کو فیس بک اور انسٹاگرام دونوں پر شیئر کرنے کی سہولت دی گئی ہے۔

فیس بک کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کیلئے صارفین کی ویڈیوز کو دونوں پلیٹ فارم پر شیئر کرنے کیلئے ضروری ہے کہ فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹ ایک دوسرے کیساتھ منسلک ہوں۔ اس کے علاوہ مختصر ویڈیوز کو فیس بک کے ٹولز استعمال کرکے بھی بنایا جا سکتا ہے۔

امکان کیا جا رہا ہے کہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پوری دنیا میں ٹک ٹاک کی طرح مختصر ویڈیو بنانے والا یہ فیچر کسی وقت بھی متعارف کرایا جا سکتا ہے۔