اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کے علاقہ چک شہزاد میں جنوبی کوریا کے تعاون سے 15 ایکڑ پر مشتمل آئی ٹی پارک کا افتتاح رواں ماہ 25 مارچ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے ٹیلی کام سیکٹر کو صنعت کا درجہ دینے اور آئندہ مالی سال 22۔2021ء میں موبائل فون صارفین پر عائد ایڈوانس انکم ٹیکس کو 12.5 فیصد سے کم کرکے 10 فیصد جبکہ مالی سال 23۔2022ء میں یہ ٹیکس 8 فیصد تک لانے سمیت ٹیلی کمیونیکیشن سروسز پر عائد 17 فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کو کم کرکے 16 فیصد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 2025ء تک آئی ٹی برآمدات 5 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر کر دیا ہے۔ بڑے شہروں کے بعد انکوبیشن سنٹر فیصل آباد، پشاور، ملتان، حیدرآباد سمیت چھوٹے شہروں میں بھی قائم کئے جائیں گے۔
انہون نے بتایا کہ خنجراب تک آپٹک فائبر کا پراجیکٹ مکمل ہو گیا ہے جبکہ راولپنڈی سے کراچی تک آپٹک فائبر کی منظوری دے دی گئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان جلد منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔