خلائی مخلوق بارے امریکی رپورٹ جلد منظر عام پر آنے کا امکان

Published On 28 May,2021 06:31 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی کانگریس میں اگلے ماہ ایک اہم رپورٹ پیش کئے جانے کا امکان ہے خلائی مخلوق کے بارے میں سوالوں کے جواب دیئے جائیں گے۔ اس رپورٹ میں گزشتہ کئی سالوں سے اکھٹے کئے گئے شواہد کو بنیاد بنایا گیا ہے۔

امریکا کی نیشنل انٹیلی جنس کے سربراہ کی اس رپورٹ میں فوج کی ٹاپ سیکرٹ فائلز کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ اس رپورٹ میں اڑن طشتریوں کے بارے میں شاید کوئی حتمی جواب نہ ہو۔

بتایا جا رہا ہے کہ یہ ٹاپ سیکرٹ رپورٹ آئندہ جون کے آخر میں امریکی خفیہ ایجنسی کے ڈائریکٹر کی جانب سے کانگریس میں پیش کی جائے، اس لئے سب نے اس میں کافی دلچسپی لینا شروع کر دی ہے کہ اس رپورٹ میں خلائی مخلوق کے بارے میں کیا درج ہوگا۔

غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس اہم رپورٹ کا صرف ایک فیصد حصہ ہی پبلک کیا جائے گا جبکہ خفیہ معلومات اور ثبوتوں کو کسی صورت عوام کیساتھ شیئر نہیں کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ سابق امریکی صدر باراک اوبامہ نے ایک ٹیلی وژن انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ خلائی مخلوق کا وجود حقیقت ہے، ہم ایسی فوٹیجز دیکھ چکے ہیں، اس سے اس بات کو تقویت ملتی ہے کہ آسمان میں کچھ ایسی چیزیں موجود ہیں جن کے بارے میں ہم ابھی تک جان نہیں پائے ہیں۔

سابق ٹرمپ انتظامیہ سے وابستہ نیشنل انٹیلی جنس کے سربراہ جان ریٹ کلف نے بھی ایک بیان میں کہا تھا کہ ہمارے پاس اس چیز کی کوئی وضاحت موجود نہیں لیکن یہ حقیقیت ہے کہ ایسے واقعات رونما ہوئے جن میں غیر مرعی چیزوں کو دیکھا گیا تھا۔

2020ء میں پینٹاگون کی جانب سے ایسی تصاویر جاری کی گئی تھیں جن میں دعویٰ کیا گیان تھا کہ یہ اڑن طشترییاں ہیں۔ اس ویڈیو کو امریکی بحریہ کے پائلٹس نے فلمبند کیا تھا۔