کیا کورونا وائرس انسانی تخلیق ہے؟ فیس بک اب ایسی پوسٹیں نہیں ہٹائے گا

Published On 30 May,2021 10:34 pm

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) سماجی رابطوں کی معروف ویب سائٹ فیس بک اب ایسے دعوؤں کی پوسٹیں نہیں ہٹائیں گا جن میں کہا گیا ہو کہ کورونا انسانی تخلیق ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فیس بک نے عالمی وبا کے بارے میں اپنی پالیسی تبدیل کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ اب اس کی شروعات اور اس کے لیبارٹری میں بنائے جانے کے حوالے سے دعوؤں پر مشتمل پوسٹیں نہیں ہٹائے گا۔

فیس بک نے حالیہ پالیسی کو اس وقت تبدیل کیا ہے جب امریکی صدر جوزف بائیڈن نے تمام خفیہ اداروں کو ہدایت جاری کیں کہ وہ کورونا وائرس کی ابتدا کے بارے میں کھوج لگائیں کہ یہ کہاں سے شروع ہوا تھا۔

فیس بک کی جانب سے اس پالیسی کا اعلان ایک ای میل کے ذریعے کیا گیا ہے۔ فیس بک کا کہنا ہے کہکورونا وائرس کی شروعات کے حوالے سے جاری تحقیقات اور طبی ماہرین سے مشاورت کی روشنی میں ہم اب ایسے دعوؤں کو نہیں ہٹائیں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی وبا کی بدلتی صورتحال کے مطابق ہم آگے بڑھنے کے لیے ماہرین صحت کے ساتھ مل کر کام جاری رکھتے ہیں اور جیسے جیسے نئے حقائق اور ٹرینڈز سامنے آتے ہیں ہم باقاعدگی سے اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرتے ہیں۔

 

Advertisement