شبلی فراز سے ہنگری کے سفیر کی ملاقات، شعبہ ٹیکنالوجی میں تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق

Published On 31 May,2021 06:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر شبلی فراز سے پاکستان میں تعینات ہنگری کے سفیر بیلا فایزکاس نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران فریقین نے سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبہ میں دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔؂

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔ اس لئے ہماری توجہ پانی، زراعت اور خوراک کی فراہمی پر ہے۔ شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان پانی کے مسائل پر ایک قومی کانفرنس کا انعقاد کر رہا ہے، اس کے بعد ایک بین الاقوامی کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔

شبلی فراز نے ہنگری کی جانب سے پاکستانی طلبہ کیلئے سکالرشپ پروگرام کو سراہا اور کہا کہ یہ طلبہ پاکستان میں ہنگری کے سفیر ہوں گے۔ وفاقی وزیر کی جانب سے تکنیکی اور سائنسی شعبوں میں انٹرنشپ اور ٹریننگ کو بھی ان پروگراموں میں شامل کرنے کی تجویز دی گئی۔

ہنگری کے سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک نے سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبہ میں متعدد ایم او یوز پر دستخط کیے ہیں۔ ہنگری کے سفیر نے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے کوششیں جاری رکھنے کا عزم کیا۔
 

Advertisement