پی ٹی اے نے 19 کمپنیوں کو مقامی سطح پر موبائل فونز بنانے کی اجازت دیدی

Published On 25 May,2021 06:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں مقامی سطح پر موبائل فونز کی تیاری میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، پی ٹی اے نے 19 کمپنیوں کو مقامی سطح پر موبائل فونز بنانے کی اجازت دے دی ہے۔

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ 19 غیر ملکی اور مقامی کمپنیاں 2 جی، 3 جی اور 4 جی فونز تیار کریں گی۔ ابتدائی طور پر کمپنیوں کو اگلے دس سالوں کے لئے اجازت دی گئی ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق مینوفیکچررز اپنے برانڈز بھی تشکیل دے سکیں گے جو پاکستان میں تیار ثقافت کو فروغ دیں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کمپنیوں کے تیار کردہ موبائل ڈیوائسز پاکستان میں فروخت ہونے کے ساتھ برآمد بھی کیے جائیں گے۔

ڈیوائس مینوفیکچرنگ پلانٹس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔ پی ٹی اے کے مطابق یہ پلانٹس پاکستانی صارفین کے لیے کم قیمت والے ہینڈسیٹ فراہم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوں گے۔

یہ بات ذہن میں رہے کہ پی ٹی اے نے رواں سال موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ ریگولیشنز جاری کیے تھے۔