سٹاک ہوم: (روزنامہ دنیا) چامرز یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی، سویڈن کے سائنسدان ایک اچھوتے منصوبے پر کام کر رہے ہیں جس کے ذریعے سیمنٹ سے بنی اینٹوں کو بجلی ذخیرہ کرنے والی بیٹریوں میں تبدیل کیا جاسکے گا۔
اس مقصد کیلئے سیمنٹ اور بجری ملا کر اینٹیں بناتے وقت ان میں چھوٹے کاربن ریشوں کی تھوڑی سی مقدار بھی شامل کر دی جاتی ہے۔ اسی کے ساتھ ان اینٹوں میں کاربن فائبر سے بنائی گئی، دو طرح کی جالیاں بھی شامل کر دی جاتی ہیں۔ ان میں سے ایک جالی پر لوہے کی پرت چڑھی ہوتی ہے اور وہ بیٹری اینوڈ کا کام کرتی ہے جبکہ دوسری جالی پر نکل دھات کا ملمع ہوتا ہے جو کیتھوڈ کا کردار ادا کرتی ہے۔
چھوٹے کاربن ریشوں اور کیتھوڈ/ اینوڈ کی شمولیت سے بننے والی اینٹ اس قابل ہوجاتی ہے کہ اپنے اندر بجلی ذخیرہ کرسکے، ماہرین کو امید ہے کہ وہ چند سال میں قابلِ استعمال کنکریٹ بیٹریاں بنانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔