پاکستانی آئی ٹی پراجیکٹ آئی سی ٹی اینایبلنگ انوائرمنٹ کیٹگری میں چیمپیئن شمار

Published On 19 May,2021 06:18 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق نے کہا ہے کہ دنیا بھر کے انفارمیشن ٹیکنالوجی منصوبوں میں پاکستانی آئی ٹی پراجیکٹ کو آئی سی ٹی کے اینایبلنگ انوائرمنٹ (Enabling Environment) کی کیٹگری میں چیمپیئن شمار کر لیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکشن کیلئے نہ صرف ایک اہم اعزاز بلکہ عالمی سطح پر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں کیئے گئے ہمارے اقدامات کا اعتراف بھی ہے۔

اپنے ایک بیان میں سید امین الحق کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے ادارے انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکشن یونین (ITU)کے تحت عالمی اجلاس برائےانفارمیشن سوسائٹی(WSIS) کیلئے دنیا بھر سے آئی ٹی کے ایسے 1270 منصوبوں کو شامل کیا گیا تھا جو ناصرف عوامی مفاد اور معلومات کیلئے تھے بلکہ ان کا براہ راست تعلق پائیدار ترقی اور آئی ٹی ہنر مندوں کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی سے ہے۔وفاقی وزیر کے مطابق وزارت آئی ٹی کے ادارے اگنائٹ کے تحت نیشنل انکوبیشن سینٹر کے منصوبے کو بھی اس فورم میں بھیجا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکشن یونین کی جانب سے 360 منصوبوں کو شارٹ لسٹ کرتے ہوئے عالمی سطح پر آئی ٹی ماہرین کی ووٹنگ کیلئے کھول دیا گیا جس میں دنیا بھر سے 13 لاکھ ماہرین نے ووٹنگ کے ذریعے 5 منصوبوں کو چیمپئن قرار دیا ،ان 5 منصوبوں میں سے ایک منصوبہ ہمارے نیشنل انکوبیشن سینٹرز کا ہے۔ اس کا مطلب کہ دنیا بھر میں آئی ٹی کے حوالے سے جاری پراجیکٹس میں آئی ٹی کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی میں پاکستان ٹاپ 5 کی فہرست میں ہے۔

وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق کے مطابق پاکستانی آئی ٹی منصوبے کو عالمی سطح پر سراہا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ وزیر اعظم کے ڈیجیٹل پاکستان ویژن کے تحت وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکشن مثبت راہ پر گامزن ہے انھوں نے بتایا کہ انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکشن یونین کو گذشتہ 10 سال سے پاکستان میں آئی ٹی کے منصوبے بھیجے جارہے ہیں لیکن یہ پہلی مرتبہ ہے کہ کسی منصوبے کو نہ صرف سراہا گیا بلکہ اسے چیمپئن منصوبہ قرار دیتے ہوئے ٹاپ 5 میں شامل کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے اس عالمی اعزاز پر سیکریٹری آئی ٹی شعیب احمد صدیقی، وزارت آئی ٹی و ٹیلی کیمیونیکشن اور اگنائٹ کے افسران و ملازمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ ڈیجیٹلائزیشن کی اس مشکل ریس میں پاکستان کو شامل کرنے اور بین الاقوامی طور پر اپنا کردار بنائے رکھنے میں پوری ٹیم کا کردار لائق تحسین ہے۔یاد رہے کہ وزارت آئی ٹی کے ادارے اگنائٹ کے تحت پاکستان کے پانچ بڑے شہروں میں نینشل انکوبیشن سینٹرز قائم کئے گئے ہیں جہاں اسٹارٹ اپس کو ضروری تربیت اور معاملات کی فراہمی کے بعد ٹیکنالوجی کے شعبے میں منفرد منصوبوں شروع کرنے کیلئے مطلوبہ وسائل اور فنڈز فراہم کئے جاتے ہیں۔