بل گیٹس نے مائیکرو سافٹ کی ملازمہ سے تعلقات کا اعتراف کر لیا

Published On 20 May,2021 06:09 pm

واشنگٹن: (مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا کے امیر ترین شخص بل گیٹس نے مائیکرو سافٹ کی ایک ملازمہ سے تعلقات کا اعتراف کر لیا ہے۔

مائیکرو سافٹ کے ترجمان بریجیٹ آرنلڈ نے بتایا کہ بل گیٹس کا ایک معاشقہ لگ بھگ 20 سال پہلے ہوا تھا جس کا اختتام دوستانہ انداز سے ہوا۔ مائیکرو سافٹ بورڈ کی ایک کمیٹی نے اس معاملے کی جانچ پڑتال کی تھی جس کے لیے ایک لا فرم کے ذریعے تحقیقات کی گئی۔

ترجمان کے مطابق اس تحقیقات کے دوران اس معاملے کو اٹھانے والی عہدیدار کو کمپنی کی جانب سے سپورٹ فراہم کی گئی۔ بل گیٹس نے مارچ 2020 میں مائیکرو سافٹ کے بورڈ سے علیحدگی اختیار کی تھی۔

تاہم کمپنی کے ترجمان نے اس بات سے اختلاف کیا کہ شریک بانی کے بورڈ سے الگ ہونے کے فیصلے کا تعلق اس معاشقے کی تحقیقات سے تھا۔ ادھر اس تحقیقات سے آگاہ ایک فرد نے نام چھپانے کی شرط پر بتایا کہ بل گیٹس نے تحقیقات مکمل ہونے سے قبل بورڈ کو چھوڑ دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بل گیٹس کے کمپنی ملازمہ سے تعلقات تھے، پتہ چلنے پر مستعفی ہوئے: امریکی اخبار

خیال رہے کہ اس سے قبل امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل نے انکشاف کیا تھا کہ بل گیٹس کے اپنی کمپنی مائیکرو سافٹ کی خاتون ملازم سے تعلقات تھے، تحقیقات کے باعث بورڈ آف ڈائریکٹر کی حیثیت سے استعفیٰ دیا۔

اخبار کا اپنی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ بورڈ ارکان نے 2020ء میں فیصلہ کیا کہ بل گیٹس کو مستعفی ہو جانا چاہیے۔ ترجمان مائیکروسافٹ کے مطابق 2000ء میں پیش آئے واقعات کا علم 2019ء میں ہوا۔

بورڈ آف ڈائریکٹرز کی ایک کمیٹی نے معاملے کا جائزہ لیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ خاتون ملازم نے بھی انکشاف کیا کہ ان کے اور بل گیٹس کے تعلقات برس ہا برس رہے۔

واضح رہے کہ مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس اور ان کی اہلیہ میلنڈا کی 27 سال کی شادی کا خاتمہ 3 مئی کو طلاق پر ہوا تھا۔