ماتھے پر چپکنے والے آلے کو تیسری آنکھ کا نام دے دیا گیا

Published On 21 May,2021 11:32 am

سیئول:(روزنامہ دنیا) ماتھے پر چپکنے والے آلے کو تیسری آنکھ کا نام دیا گیا ہے جو راستے میں آنے والی رکاوٹوں سےبروقت خبردار کرتا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ آلہ اپنے پہننے والے کو اس قابل بناتا ہے کہ وہ سمارٹ فون پر نظریں جمائے رکھتے ہوئے ، راستے میں آنے والی رکاوٹوں سے بھی باخبر رہے ۔یہ دلچسپ آلہ جنوبی کوریا کے انڈسٹریل ڈیزائنر مِنووک پائنگ نے ایجاد کیا ہے ۔ یہ تیسری آنکھ ایک شفاف پلاسٹک کے خول میں بند ہے جس کے اندر ایک چھوٹا سپیکر، ایک جائیرو سکوپک سینسر اور ایک عدد سونار نصب ہے۔

جائیرو سکوپ سینسر کو جیسے ہی معلوم ہوتا ہے کہ اس آلے کو پہننے والے نے اپنا سر جھکا دیا ہے تو وہ فوری طور پر تیسری کا ڈھکنا ہٹا دیتا ہے اور اس میں موجود سونار اپنے سامنے موجود علاقے پر نظر رکھنا شروع کردیتا ہے ۔سونار کو جیسے ہی راستے میں کسی رکاوٹ کا پتا چلتا ہے ، وہ فوری طور پر ایک سپیکر سے گھنٹی جیسی آواز نکال کر اپنے پہننے والے کو خبردار کرتا ہے۔