لاہور: (ویب ڈیسک) سپورٹس کاریں بنانے والے دنیا کے مشہور گروپ گورڈن مرے نے اب الیکٹرک گاڑیاں بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔
خیال رہے کہ گورڈن مرے کا شمار دنیا کی ایسی مشہور کمپنیوں میں ہوتا ہے جو فارمولا ون کی ریسنگ میں حصہ لینے والی کاریں ڈیزائن کرتی ہے۔ اس اعلان کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے وائس آف امریکا کے مطابق گورڈن مرے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہماری بھرپور کوشش ہوگی کہ صارفین کو ایسی الیکٹرک گاڑیاں فراہم کریں جن میں کم بیٹریاں استعمال ہوں۔
کمپنی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ 2026ء تک ایک ہائبرڈ ماڈل کی کار جبکہ 2030ء تک ایک مکمل الیکٹرک سپر کار لانچ کر دی جائے گی۔
یہ کارساز کمپنی 2022ء اس طرح کی 100 کاریں تیار کرے گا، ان میں سے ہر کار کی لاگت تقریباً 24 لاکھ پاؤنڈ ہوگی۔ تاہم حیران کن طور پر یہ تمام کاریں پہلے ہی فروخت ہو چکی ہیں۔
اس منصوبے میں کار سازوں کے لیے الیکٹرک ایس یو ویز اور ڈلیوری وینز کی تیاری شامل ہے۔
گروپ کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں 420 ملین امریکی ڈالرز کی سرمایہ کاری کی جائے گی جب کہ آئندہ ڈھائی برسوں میں بین الاقوامی معیار کے مطابق ان گاڑیوں کا ایک چھوٹا ٹیسٹ فلیٹ بھی تیار کر لیا جائے گا۔