دنیا بھر میں کئی اہم ویب سائٹس کے لنک ڈاؤن، سی این این اور ایمازون بھی شامل

Published On 08 June,2021 06:01 pm

کیلیفورنیا: (دنیا نیوز) دنیا بھر میں اچانک انٹرنیٹ سروز متاثر ہونے سے متعدد ویب سائٹس اور ایپس کے لنک ڈاؤن ہو گئے، جن میں عالمی میڈیا، ای کامرس اور برطانوی حکومت کی ویب سائٹس بھی شامل ہیں۔

ماہرین کے مطابق کلاؤڈ سروسز فراہم کرنے والی کمپنی فاسٹلی کے سرورز میں خرابی کی وجہ سے پوری دنیا میں انٹرنیٹ کا لنک ڈاؤن ہوا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ خرابی کو دور کر دیا گیا ہے۔

دنیا کے مختلف ملکوں میں ای کامرس، سوشل نیٹ ورکنگ، انٹرٹینمنٹ اور میڈیا کے شعبوں سے متعلق متعدد مقبول ویب سائٹس خاصی دیر تک مکمل یا جزوی طور پر بند رہنے کے بعد بحال ہونا شروع ہوئی ہیں۔

مختلف ملکوں کے صارفین کی جانب سے شکایت سامنے آئی تھیں کہ وہ کئی اہم ویب سائٹس کو اوپن نہیں کر پا رہے۔ اس مسئلے کی سب سے زیادہ نشاندہی ٹویٹر پر کی گئی۔

میڈیا پلیٹ فارمز دی انڈیپینڈنٹ، گارڈین، بلومبرگ، نیویارک ٹائمز، سی این این، شوپیفائی، ریڈٹ، سپوٹیفائی اور ایمیزون سمیت دیگر میگا ویب سائٹس شدید متاثر رہی۔

ٹیکنالوجی سے متعلق ویب سائٹ ٹیک کرنچ نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ کنٹینٹ ڈیلیوری نیٹ ورک فاسٹلی کی سروس متاثر ہوئی تھی۔ اس کی وجہ سے ایک گھنٹے تک ریڈٹ، سپوٹیفائی، ٹویچ، حکومت برطانیہ کی آفیشل ویب سائٹ، پے پال، ومیو، شاپیفائی سمیت متعدد مقبول ویب سائٹس بند رہی ہیں۔
 

Advertisement