جرمنی میں کان کیلئے ‘‘کونٹیکٹ لینز’’ پیش کردیا گیا

Published On 07 July,2021 01:13 pm

برلن:(روزنامہ دنیا) جرمنی کی سٹارٹ اپ کمپنی وائبروسونک نے ایک منفرد آلہ سماعت تیار کیا ہے جسے انہوں نے ‘‘سماعت کیلئے کونٹیکٹ لینز’’ کا نام دیا ہے

 میڈیا رپورٹ کے مطابق اس آلے کی تیاری جرمنی کی توبنجن یونیورسٹی اور فرانہافر انسٹی ٹیوٹ فار مینوفیکچرنگ، انجینئرنگ اینڈ آٹومیشن کے اشتراک سے ہوئی ہے جبکہ اسے صارفین تک پہنچانے کیلئے ‘‘وائبروسونک’’ نامی سٹارٹ اپ کمپنی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔فروخت کی غرض سے اس آلے کا نام ‘‘الفا’’ رکھا گیا ہے ۔

مروجہ آلہ سماعت کے برعکس، الفا ہیئرنگ ایڈ میں ایک ننھا سا سپیکر ہے جسے کان کے پردے کے بالکل قریب رکھ دیا جاتا ہے ۔آلے کا بیرونی حصہ ارد گرد کی آوازیں اندرونی حصے تک منتقل کرتے ہوئے سپیکر میں تھرتھراہٹ پیدا کرتا ہے ۔ یہ تھرتھراہٹ براہِ راست کان کے پردے میں ارتعاش پیدا کرتی ہے جس کی بدولت اسے استعمال کرنے والا آسانی سے سننے کے قابل ہوجاتا ہے ۔